گجرات ، ڈی آئی خان ، سندر ، کامونکے (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندگان 92 نیوز، نامہ نگار) رائیونڈ کے نواحی علاقہ راجہ جنگ میں گھات لگائے افراد کی فائرنگ سے 32 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا ، جاں بحق ہونے والا افضا ل جٹ جماعت اسلامی کا کارکن تھا، جماعت اسلامی پی پی 172 کے قیم سید وقا ر احمد نے افضال جٹ کے قتل کی شدید مذمت کی اور کہا پنجاب بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کو قتل کیا جارہا ہے ، قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو ہفتہ کو نماز جنازہ کے موقع پر رائیونڈ قصور روڈ کو بند کردیا جائے گا۔ گجرات کے تھانہ کڑیانوالہ کے گاوں ڈھینڈہ کلاں میں پرانی دشمنی نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، 45 عنصر گجر کو قبرستان میں گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ، مخالفین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، عنصر کو قبرستان میں گولیاں مار کر ملزمان فرار ہوگئے ، پولیس نے نعش ہسپتال پہنچائی، مخالفین حافظ ناصر گجر اور تین نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، محمد بوٹا گجر کو مشورہ کا ملزم رکھا گیا۔ کامونکے میں نامعلوم افرادنے 40 سالہ شہری کو قتل کرکے نعش بوری میں بند کرکے نہر اپر چناب میں پھینک دی ، نواحی گاؤں آدھورائے کے نزدیک دیہاتیوں نے نہراپرچناب میں بوری بند نعش تیرتی دیکھی تو پولیس کو اطلاع دی، ایمن آباد پولیس نے نعش نکال کر تفتیش شروع کردی، پولیس کے مطابق نعش ایک ہفتہ پرانی معلوم ہوتی ہے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پنیالہ کے محلہ مدہ خیل میں سکول جانے کیلئے بڑے بھائی کی سختی و ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آکر چھوٹے بھائی نے گھر کے صحن میں فائرنگ کرکے 18سالہ بڑے بھائی کو قتل کردیا،اہلخانہ کے مطابق18سالہ منصور علی نے اپنے چھوٹے بھائی صبور علی پر سکول جانے کیلئے ڈانٹ ڈپٹ کی ، صبور علی نے طیش میں آکر منصور کو مار دیا۔