راولپنڈی(جوہر مجید سے ) ڈریپ کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے دانت نکالنے کیلئے مسوڑھوں کو سُن کرنے والا ٹیکہ لیگنوکین ( lignocaine) ملک بھر میں ناپید ہو گیا ہے ، دانتوں کے مریض ازیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں اس وقت یہ ٹیکہ بلیک میں بھی دستیاب نہیں ، جس سے صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ہے ۔ راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں کے شعبہ ڈینٹل میں گزشتہ 15روزسے کیڑے اور درد کا باعث بننے دانت نکالنے کا عمل نہیں ہو رہا ،روزنامہ 92نیوز کے مطابق ڈریپ کی طرف سے قیمتوں کا تعین نہ کرنے کی وجہ سے یہ ٹیکہ آنا بند ہو گیا ہے ، کچھ عرصہ قبل تک 1200والا ٹیکوں کا ڈبہ 3تک بلیک میں فروخت ہوتا رہا ہے ، اسی حساب سے نجی ڈینٹل کلینکس نے دانت نکالنے کی فیس بھی بڑھا دی ،غریب مریض عطائی سے دانت نکلوانے پر مجبور ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے اس ٹیکے کے بغیر دانت نکالنا مریض کیلئے ممکن نہیں،یہ انتہائی تکلیف دہ عمل ہوتا ہے ، بینظیر بھٹو ،ہولی فیملی ہسپتال کے ڈینٹل سرجنز نے بتایا کہ ہسپتالوں میں یہ ٹیکہ شارٹ تھا تو ہم مریضوں کو لکھ کر باہر سے منگواتے تھے ، اب مریض کو ٹیکہ ملنا ہی بند ہو گیا ہے کسی میدیکل سٹور میں دستیاب نہیں ، حکومت کو چاہئے اس مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر حل کرے ۔