اسلام آباد (خبرنگار،92نیوزرپورٹ،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز)ریکو ڈک کیس میں برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائیکورٹ نے پاکستان اور پی آئی اے کے حق میں فیصلہ دیدیا۔گزشتہ روزبرٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ (بی وی آئی) نے ریکوڈک کے معاملے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن انوسٹمنٹ لمیٹڈ کے اثاثے ٹیتھیان کاپر کمپنی (ٹی سی سی) کے حق میں ضبط کرنے کا اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔اٹارنی جنرل خالدجاوید کے آفس سے جاری بیان کے مطابق بی وی آئی ہائیکورٹ نے پی آئی اے کے اثاثے منسلک کرنے کے فیصلے کیخلاف حکومت پاکستان کی درخواست منظور کرلی۔ریکوڈک کیس میں پی آئی اے کیخلاف تمام فیصلے واپس لے لئے گئے ۔ریکوڈک کیس میں ٹیتھیان کا پر کمپنی کے حق میں دیئے گئے فیصلے کالعدم قراردے دیئے گئے ۔روز ویلٹ ہوٹل نیویارک اور سکرائب ہوٹل پیرس بھی واپس پاکستان کو مل گئے ۔پی آئی اے کے منجمد اثاثے بحال کرتے ہوئے روز ویلٹ ہوٹل اور سکرائب ہوٹل میں لگائے گئے ریسیور ہٹا دیئے گئے ۔ ٹی سی سی برٹش ورجن آئی لینڈ میں ریکوڈک ایوارڈ پر عملدرآمد کیلئے گئی تھی،تاہم اسکی د رخواست خارج کردی گئی۔ٹیتھیان کمپنی کو پاکستان کے قانونی چارہ جوئی (مقدمہ)پر ہونیوالے اخراجات بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ٹی سی سی کو اس فیصلے کیخلاف اپیل کا حق دیا گیا جو معمول ہے تاہم ہم اپیل کاسختی سے مقابلہ کرینگے ۔قبل ازیں عالمی ثالثی ٹربیونل نے پاکستان کی طرف سے ریکوڈک معاہدہ منسوخ کرنے پر ٹی سی سی کے حق میں پاکستان کیخلاف 6 ارب ڈالرز کا ایوارڈ دیا تھا اور پاکستان کی طرف سے ایوارڈ کی 25 فیصد رقم مقررہ مدت کے اندر جمع نہ کرانے پر برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ نے پی آئی اے کے اثاثے اٹیچ کر دیئے تھے ۔سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے ردعمل میں کہا کہ اﷲ کے فضل و کرم اور محب وطن پاکستانیوں کی دعائوں سے انصاف کی فتح ہوئی ۔ پی آئی اے کی قانونی ٹیم، وفاقی وزیر قانون، اٹارنی جنرل اور مخلص اداروں کی ان تھک محنت سے یہ عظیم کامیابی نصیب ہوئی۔ پی آئی اے کے قیمتی اثاثے محفوظ ہو گئے ۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان نے عالمی مقدمہ بازی میں بڑی کامیابی حاصل کرلی ۔92نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹربابراعوان نے کہا کہ مبارک پاکستان، عمران خان نے آپ کیلئے بڑا کیس جیت لیا ۔ حکمران عمران خان جیسا ہو تو ملک کا وقار اسی طرح بحال ہوتا ہے ۔ یہ پاکستان کیخلاف بہت بڑی سازش تھی جسے ریکوڈک کہتے ہیں۔ اس کوکچھ لوگوں نے انجینئر کیا پھراس پر کچھ فیصلے آئے ۔ اگر اسکی مالیت پر جائیں تو یہ ملٹی بلین کا کیس ہے جو پا کستان نے جیتا ہے ۔اسکی وجہ سے پاکستان کی عالمی سطح پر شناخت بری طرح متاثرہورہی تھی۔ نہ ہونیوالے کیس کو ایسی جگہ پہنچادیا گیا تھا کہ پاکستان بند گلی میں چلا گیا تھا۔ اس کیس کا جیتنا پورے پا کستان کیلئے خوش آئند بات ہے ۔ سابق اٹارنی جنرل انور منصورخان نے کہاکہ ہم نے اس کیس کیخلاف اچھے طریقے سے تیار ی کی تھی، ہمارے اثاثے بحال اور محفوظ ہوگئے ہیں۔ روزویلٹ ہوٹل کو بحال کردیا، جو پاکستان اورپاکستانی عوام کیلئے خوش آئند چیزہے ۔وزارت قانون کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ برٹش ورجن آئی لینڈ کی عدالت کے فیصلہ سے پاکستان کے اربوں روپے کے اثاثے فروخت یا منجمد ہونے سے بچ گئے ۔ ریکوڈک فیصلہ میں کامیابی کیلئے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔