لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ نعرے لگاکرمزارقائدؒ کے تقدس کو پامال کیا گیا،بلوچستان کی ترقی پنجاب کی طرح مقدم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر نصیب اللہ خان مری ، رکن پنجاب اسمبلی جاوید اختر لنڈ،پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور گڈ گورننس کمیٹی کے سربراہ کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خیر سگالی کے طو رپر بلوچستان میں مختلف منصوبے شروع کئے ہیں۔خاران میں ٹیکنیکل کالج ،موسیٰ خیل میں بینک آف پنجاب کی برانچ، ریسکیو 1122سنٹر، کالج کیلئے ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔علاوہ ازیں اعجاز چودھری اور اعجاز منہیس سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ نعرے لگا کر مزار قائدؒ کے تقدس کو پامال کیا گیااور کوئی بھی ذی شعور ایسی حرکت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ قوم اس واقعہ پر رنجیدہ ہے ۔ایسے عناصر ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفاد کو بے پناہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔نئے پاکستان میں مفاد پرست لوگوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں۔پنجاب میں تحریک انصاف کے عہدیداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔بعدازاں وزیر اعلیٰ سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے وفدنے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سلیمان البداعی کر رہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے این او سی کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے ۔ سلیمان البداعی نے کہا کہ پاکستان خصوصا پنجاب میں مزید سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا کی صورتحال کو سختی سے مانیٹر کیا جارہا ہے ۔ بے احتیاطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ پنجاب میں 24 گھنٹے میں 176 نئے کیس سامنے آئے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی کے انتقال پرتعزیت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی ودعا کی ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔