اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے وزیراعظم نے الیکشن کمیشن پر الزامات لگا کر آئینی ادارے کی توہین کی،صدر اعتماد کے ووٹ کیلئے اجلاس تب بلاتا ہے جب اسے لگے وزیراعظم پارلیمان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ وزیراعظم صدر پاکستان کا اختیار استعمال نہ کریں۔حکومت ملک اور پارلیمان کو آئین کے مطابق چلائے اپنی مرضی کے مطابق نہیں۔ایک بیان میں شیری رحمن نے کہا وزیراعظم نے الیکشن کمیشن پرمجرموں کو بچانے اور جمہوریت کونقصان دینے کے الزام لگائے ہیں۔وزیراعظم کی طرف سے اس طرح کے بیانات قابل تشویش ہیں۔ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے ، وزیراعظم کو زیب نہیں دیتا وہ ایک آئینی ادارے کی توہین کریں۔ وزیراعظم اپنے ارکان کو قابو کریں، اداروں کو متنازع نہ بنائیں۔