لاہور،ملتان،ڈی جی خان (کامرس رپورٹر، سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ یہ اپوزیشن جماعتوں کو پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی اے پی سی بھی ناکام رہے گی ۔ اے پی سی کے نام پر اپنے مفادات اور لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کیلئے اکٹھ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوز یشن جماعتوں کی یہ بیٹھک عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہے ۔ اپوز یشن کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔ دورہ تونسہ کے دوران مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔ عوام کے مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔دریں اثنا ملتان میں خصوصی اجلاس میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وہاڑی،ملتان،بارتھی اورفاضلہ کچھ کے دوروں کے دوران عوامی مطالبات پر رپورٹ طلب کر لی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کوہ سلیمان کے علاقے عافی بندگئے ۔کوہ سلیمان کے علاقے عافی بند میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعلیٰ کی آمد پر علاقہ کے لوگ خوشی سے نہال ہوگئے ۔ روایتی بلوچی چھومر ڈالی۔وزیراعلی پنجاب، پی ٹی آئی زندہ آباد کے نعرے لگائے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار اوران کی ٹیم کو بکریوں کے دودھ کی چائے پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے پانی بوتل کے بجائے گھڑے سے پانی منگواکرپیا۔علاقے کے لوگوں نے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے عافی بند کے علاقے میں سکول اورپکنک پوائنٹ بنانے کا اعلان کیااور انہوں نے لوگوں کو ہمہ وقت پانی کی فراہمی کیلئے ٹینکی رکھوانے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کے حکم پر ڈسٹرکٹ جیل ملتان کے بیمار قیدی کو کارڈیالوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب میں 3 روزہ مصروف ترین دورہ مکمل کرنے کے بعد رات گئے لاہور پہنچ گئے ۔