لاہور،کراچی،اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی، نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں،سٹاف رپورٹر )احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج جواد الحسن نے سرکاری میڈیکل بورڈ میں شہباز شریف کے تین ذاتی معالجین کو شامل کرنے کا حکم دے کرعملدرآمد رپورٹ طلب کر لی اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں26 جنوری تک توسیع کرکے وکلائکو گواہان پر جرح کے لئے طلب کر لیا۔دوران سماعت شہباز شریف نے کہاجو میرے خلاف والیم 55 ہے اس میں ایک ڈھیلے کی کرپشن بھی نہیں ،فاضل جج نے کہا آپ مت گھبرائیں، وہ بھی لے آئیں گے ،شہبا زشریف نے کہابے شک لے آئیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،شہبازشریف کے اس بیان پر قہقہہ لگا۔ جج نے کہا مجھ سے بے شک 25سال کی تاریخ لے لیں بوجھ آپ پر ہی پڑے گا۔ شہباز شریف نے کہا نیب منی لانڈرنگ کیس میں الٹا بھی ہو جائے تب بھی یہ قیامت تک میرے خلاف دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکتے ۔ پنجاب میں برطانوی حکومت کے ساتھ مل کر5 ارب روپے کے پروگرام شروع کیے ، نیب کو کرپشن نہیں ہر منصوبے میں پیسے کی بچت ملے گی۔ نیب کے گواہ بلال ضمیر نے کہاحمزہ شہباز، سلمان اور رابعہ عمران کا تصدیق شدہ ریکارڈ دیا، وکیل کی عدم دستیابی کے باعث گواہ شریف کے بیان پر جرح نہ ہوسکی۔احتساب عدالت اسلام آباد نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں آصف زرداری اور عبدالغنی مجید کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرکے آئندہ سماعت ستائیس جنوری پرنیب کے مزید دو گواہان کو طلب کرلیا۔ احتساب عدالت کراچی نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت تفتیشی افسر کی عدم پیشی پر تین فروری تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت لاہور نے احد چیمہ کے خلاف زائد اثاثہ جات کیس میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پرپٹواری عمران کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے جبکہ ایل او ایس گندہ نالہ تعمیر کیس میں ریفرنس دائر ہونے تک سابق چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار اللہ سعید کوحاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے کیس داخل دفتر کر دیا۔احتساب عدالت اسلام آبادنے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملزم لیاقت قائم خانی کے گھرچھاپہ کے دوران تحویل میں لی گئی اشیاء کی سپرداری درخواست پر دلائل طلب کرلئے اورپی این سی اے پلاٹ خورد بردکیس میں گرفتارملزم عارف بلوچ کا3روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔عدالت نے سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان وغیرہ کے خلاف نیشنل پولیس فاونڈیشن کا قیمتی پلاٹ خوردبردکرنے کے ریفرنس میں ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے پر سماعت آٹھ فروری تک ملتوی کردی۔