لاہور،کراچی (اپنے نیوز رپورٹر سے ،صباح نیوز،سٹاف پورٹر)رمضان شوگر ملز کیس میں صدر ن لیگ شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف پرفرد جرم عائد نہ ہوسکی،احتساب عدالت نے مزید سماعت6 اگست تک ملتوی کردی۔ حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیاگیا جبکہ شہباز شریف کوروناوائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے ،احتساب عدالت کے جج امجد نذیر نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست قبول کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیدیا۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا لاہور ہائی کورٹ کو بھی شہباز شریف پر شک ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں ،وہ دسمبر 2019سے فرد جرم کے لئے عدالت میں پیش نہیں ہورہے ۔ جج نے کہا شہباز شریف ہسپتال نہ ہی وینٹی لیٹر پر بلکہ گھر میں ہیں،دو منٹ کے لئے عدالت پیش ہو جائیں تاکہ فرد جرم پر دستخط کر سکیں۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہاشہباز شریف کاآج کوروناٹیسٹ ہو گا۔احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں15 جولائی تک توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کراچی نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے ریلوے میں سگنل سسٹم میں 55 کروڑ کرپشن کے کیس پرسماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی، ملزمان عطاء اللہ، محمد احمد اور معاذنے 265 بی کے تحت ریفرنس پر اعتراض دائر کر دیا ، عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے دلائل طلب کر لئے ۔