اسلام آباد،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر، 92نیوزرپورٹ،نیوز ایجنسیاں ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں سبکدوش ہونے والے چینی سفیر کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا، عشائیے میں علاقائی سکیورٹی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں سبکدوش ہونے والے چین کے سفیر یاؤ جنگ کے اعزاز میں عشائیہ دیا، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ودیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم امور پر بھی بات چیت کی گئی ،پاک فوج کے سپہ سالار نے شاندارخدمات، باہمی تعاون مضبوط بنانے پر چینی سفیر کی تعریف کی، آرمی چیف نے دفاع، سکیورٹی، تعاون ، کورونا وائرس سے نمٹنے ، مسئلہ کشمیر کے موقف پر چینی سفیر کی خدمات کو سراہا، ملاقات کے دوران چینی سفیر نے خطے میں پاکستانی کے مثبت کردار اور سفارتی تعاون بڑھانے کے عزم کو بھی دہرایا جبکہ چینی سفیر یائو جنگ نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے الوداعی ملاقات کی،انہوں نے تعلقات میں پیشرفت کیلئے کام کرنے کے حوالے سے چینی سفیر کے عزم کو سراہا۔چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے ،کورونا کے بحران سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ پوری دنیا کو پاکستان کے تجربات سے سیکھنا چاہیے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیٹف کا اکتوبر کا جائزہ پاکستان کے حق میں بہتر ہوگا۔ دریں اثناء یاؤ جنگ نے وفاقی وزیرِ اقتصادی امور خسرو بختیار سے الوداعی ملاقات کی اور پاک چین دوستی، سی پیک اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی وزیر نے چینی سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔