لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کورونا وائرس خدشہ کے پیش نظر حمزہ شہباز کی ضمانت کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ، جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ درخواست پر آج سماعت کرے گا۔آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں گرفتار حمزہ شہباز نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق جیلوں میں بھی کورونا کے مشتبہ مریض موجود ہیں جس سے قید صوبائی اپوزیشن لیڈرکووائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے جیلوں میں قید ملزموں کی ضمانتیں دائر کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں لہذا گرفتار حمزہ شہباز کو ضمانت پر رہا کرنے کاحکم دیا جائے ۔