لاہور(خبرنگارخصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ تیمور نے کہا ہے کہ اپو زیشن کی تمام جماعتوں کی قیادت سے جو مشاورت ہوئی، اس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تیار کردہ قومی حکمت عملی کی مکمل تائید کرتے ہوئے اسے منظور کرلیاگیا۔ بجا طورپر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے فعال کردار کی وجہ سے حکومت کو اقدامات کرنے پڑے ہیں جو اب تک خواب غفلت کا شکار تھی اور لیت ولعل سے کام لیاجارہا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر سب سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ ہم پاکستان کی خالق جماعت کے وارث ہیں۔ ہم قائداعظم کے سپاہی ہیں۔ ہم نے اس ارض وطن کے لئے ہمیشہ اپنا تن، من، دھن لگایا ہے ۔ ہر قربانی دی ہے ۔ آزمائش کی اس گھڑی میں بھی ہم کامیاب ہوں گے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے باہمی مشاورت، غوروخوض، مختلف ماہرین کی تجاویز اور اپنے تجربے کی روشنی میں ایک جامع قومی حکمت عملی مرتب کی تاکہ اس وقت قوم کو جس خطرناک اور مخدوش صورتحال کا سامنا ہے ، اس میں واضح راہ عمل متعین ہوسکے ۔ ہم نے کورونا اور معیشت سے ہونے والی تباہی کی سونامی کے آگے بند باندھنے کے لئے ایک ٹھوس، قابل عمل اور جامع نیشنل ایکشن پلان دے دیا ہے ۔ اس قومی حکمت عملی میں فنانشل ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیاگیا ہے ۔ لاک ڈاون کی صورت میں عوام کو خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچانے کے لئے پروگرام مرتب کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے ۔ مالی، انتظامی اور دیگر متعلقہ تمام پہلووں کے حوالے سے سفارشات دی گئی ہیں۔