نئی دہلی( آن لائن، رائٹرز ) بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر بھی بھارت کا حصہ ہے ۔بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنی وزارت کے 100 روز مکمل ہونے پر نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا جلد آزاد کشمیر پر بھی قبضہ حاصل کر لیں گے ، وہ بھی بھارت کا ہی حصہ ہے ۔انہوں نے کہا امریکہ کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ’’ہوڈی، موڈی‘‘ ایونٹ میں شرکت کریں گے جو ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ امریکی صدر ہزاروں امریکی بھارتیوں سے خطاب کریں گے ۔بھارتی وزیر خارجہ نے کہا اس کی فکر نہ کریں کہ جموں و کشمیر کے بارے میں لوگ کیا کہیں گے ۔ 1972 سے بھارت کی پوزیشن بالکل واضح ہے ۔رائٹرز کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا حکومت پاکستان کا کشمیر پر موقف تبدیل نہیں ہوا۔ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔