مظفرآباد،لاہور (نیٹ نیوز، بیورورپورٹ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) آزاد کشمیر میں برفانی تودہ گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 79 ہو گئی، حکومت نے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیدیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی وادی نیلم، وادی گریس اور سرگن ویلی سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری ہے ،بالائی وادی نیلم کے علاقوں ڈھکی اورچکناڑ سے 14 زخمیوں کو مظفرآباد کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔سرگن ویلی میں برفانی تودہ گرنے سے زخمی خاتون دم توڑگئی جس کے بعد برفانی جاں بحق افراد کی تعداد 79ہو گئی ہے جن میں سے 40 سے زائد افراد کی تدفین کردی گئی ،وادی لیپہ میں شدید برف باری میں بند ہونے والی شیر گلی موجی روڈ کو کھولنے کے لیے کام جاری ہے ، بند روڈ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کمشنر مظفرآباد کو ریلیف کمشنر مقرر کرنے کی بھی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کی منصوبہ بندی موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے ۔انہوں نے تباہ ہونیوالے مکانات کے مکینوں کو سرکاری عمارات میں رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہیں۔دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع دیامر، استور اورغذر میں برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہوچکا ہے ،غذر کے اکثرعلاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہونے سے بالائی علاقوں میں اشیائے خوردونوش اورادویات کی قلت ہے ،سکردو ائیرپورٹ کے رن وے پر جمی برف ہٹادی گئی ہے ، ائیرپورٹ سے معمول کی پروازیں بحال کردی گئی ہیں۔لاہور میں گزشتہ روز بھی موسم سرد اور خشک رہاجبکہ صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی رہی۔شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرار16 ڈگری جبکہ کم سے کم 5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے ۔ مختلف مقامات پر ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت سکردو منفی 20،استور، کالام منفی 15،گوپس منفی 14،قلات ،بگروٹ منفی 12،کوئٹہ منفی 9ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پلیتھا گونارتھنا مائی پالا نے نیلم ویلی میں برفانی تودے کی زد میں آکر زخمی ہونے والوں کی سی ایم ایچ مظفرآباد میں جا کر عیادت کی ، انہوں نے متاثرین کی ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کر ائی اور کہا کہ متاثرین کیلئے مزید ادویات سی ایم ایچ مظفرآباد کیلئے مزید دو الٹراسائونڈ مشینیں ،ایکسرے مشین اور نیلم ویلی کے متاثرہ علاقوں میں 3زچہ بچہ سنٹر ہنگامی بنیادوں پر قائم کئے جائینگے ،اس کے علاوہ ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان نے ایس ڈی ایم اے آفس مظفرآباد کا دورہ بھی کیا جہاں سیکرٹری ایس ڈی ایم اے شاہد محی الدین نے نیلم ویلی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی اور سی ایم ایچ مظفرآباد میں زخمیوں کی عیادت بھی کی ۔