پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )جے یوآئی (ف) نے آزادی مارچ کیلئے ڈنڈا فورس بھی تیار کرلی اور تربیتی مشقیں شروع کردیں جبکہ حکومتی کارروائیوں کے جواب میں پلان ، اے ، بی اور سی فائنل کرلئے ۔ذرائع کے مطابق جے یو آئی نے آزادی مارچ کی پلاننگ کیلئے کور کمیٹی کا اجلاس بلالیا ۔جے یو ا ٓئی کی انتظامی کمیٹیاں اپنی تیاریوں پر رپورٹ پیش کریں گی کہ اگر حکومت نے راستہ روکا تو کیا کرنا ہے ۔تیاریوں کے حتمی جائزے کے بعد آزادی مارچ کو حتمی شکل دینے کا اعلان ہوگا۔مولانا عطا الرحمٰن نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمٰن کو گرفتار کیا گیا تو پوراپاکستان بند کردینگے ۔ ہم گاڑیوں ، ٹرین، اونٹوں پر بھی مارچ میں جانے کیلئے تیار ہیں۔ہم نے ہر صورت اسلام آباد پہنچنا ہے ۔جب مولانا عطا الرحمٰن سے پوچھا گیا کہ اس ڈنڈا بردار فورس کا کیا مقصد ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ اگر ڈنڈے سے حکومت تبدیل ہوتی توبڑا آسان کام ہوتا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو گارڈ آف آنر پیش کرنیوالے ڈنڈا بردار کون ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ جس دن سے جے یوآئی بنی، اس دن سے انصار الاسلام رجسٹرڈ جماعت ہے ۔