اسلام آباد سے روزنامہ 92نیوز کے مطابق وزارت مذہبی امور نے ایران‘ عراق اور شام میں مقدس مقامات کی زیارت کے لئے ملکی تاریخ کی پہلی زائرین مینجمنٹ پالیسی تیار کر لی ہے اور اس کے تحت مفت زیارت کی سہولت ختم کر دی جائے گی۔ اب وزارت مذہبی امور سے سکیورٹی کلیرنس کے بعد لائسنس حاصل کرنے کے لئے زائرین گروپ‘ آرگنائزر اور ٹور آپریٹر ہی زائرین کو شام‘ ایران‘ عراق لے جا سکیں گے۔ حج کے علاوہ دیگر مقامات مقدسہ کی زیارت کے لئے پالیسی کو ریگولیٹ کرنا وزارت مذہبی امور کا قابل تحسین اقدام ہے اس سے متذکرہ ممالک میں مقدس مقامات کے زائرین کی بہت سی مشکلات کا ازالہ ہو گا۔گزشتہ کئی برس سے یہ رجحان عام ہو رہا تھا کہ اخبارات میں مقدس مقامات کی زیارت کیلئے بعض نجی افراد اور گروہوں کی طرف سے اشتہار دیے جا تے تھے اور بعدازاں زائرین کو وہاں لے جا کر بے یارو مدد گار چھوڑ دیا جاتا جس کی وجہ سے ان کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی بعض سفارتی پیچیدگیاں پیدا ہو تی رہی ہیں۔ایسی کمپنیاں اور ادارے نہ رجسٹرڈ ہوتے تھے نہ ان کی کوئی قانونی حیثیت تھی‘ لہٰذا زائرین مینجمنٹ کی تشکیل سے ایسی بہت سی غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے گا اور پالیسی کے تحت ان تمام پیچیدگیوں سے بچا جا سکے گا۔ سکیورٹی کلیئر لوگوں کو مختلف اسلامی ممالک کے مقدس مقامات کی زیارت اطمینان سے کرنے کا موقع مل سکے گا۔