اسلام آباد(نامہ نگار)احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق درخواست مسترد کر دی ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کی درخواست مسترد کردی ۔ فیصلے میں کہاگیاکہ یہ عدالتی دائر ہ اختیار نہیں، متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے ۔تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی گئی کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں اقدامات کئے جائیں۔فیصلے کے مطابق جیل حکام ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ہسپتال کو سب جیل قرار دے سکتے ہیں۔ فیصلے میں کہاگیاکہ جیل سپر نٹنڈنٹ تمام معاملات پر رپورٹ 22 اکتوبر عدالت میں پیش کرے ۔