اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ،صباح نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد نے پارک لین ریفرنس میں نیب کے دائرہ اختیار کیخلاف سابق صدر آصف زرداری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 10اگست بروز پیرکو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔نیب نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کی بریت کی درخواست خارج کرکے فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی۔ نیب ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد آصف زرداری درخواست واپس نہیں لے سکتے ، ملزم جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کررہا ہے ، ایک ماہ فرد جرم موخر کراکے آج جواب الجواب پر درخواست واپس لے رہے ہیں۔آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا پارک لین ریفرنس نیب قانون نہیں بلکہ مالیاتی قوانین کا کیس ہے ۔ جج نے کہا عدالت آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر حکم جاری کرے گی۔بعد ازاں احتساب عدالت نے نیب کے دائرہ اختیار پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا پارک لین نیب کا کیس ہی بنتا ہے ۔ ریفرنس میں آصف زرداری پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے قومی خزانے کو 3 ارب 77 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے جبکہ سینیٹر عثمان سیف اللہ، انور سیف اللہ اور سلیم سیف اللہ سمیت دیگر ملزم نامزد ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت دو ارب روپے ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے رمضان شوگر ملز ضمنی ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا، حکمنامہ کے مطابق رمضان شوگر ملز کے مرکزی اور ضمنی ریفرنس اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد فرد جرم عائد کی جاتی ہے ، ملزم شہباز شریف اور حمزہ شہباز قانونی طور پر اپنے موقف کے دفاع کیلئے درخواست دائر کر سکتے ہیں، آئندہ سماعت 27 اگست کو پراسکیوشن کے گواہ شہباز علی خان اور طارق مسعود فاروق بیانات قلمبند کرانے کیلئے پیش ہوں۔احتساب عدالت اسلام آبادکے جج اعظم خان نے سابق صدر سندھ بینک بلال شیخ کی 2 نیب ریفرنسز میں بریت کی درخواستیں مسترد کردیں۔عدالت نے سندھ بنک کرپشن اور منی لانڈرنگ ریفرنس میں کُل 8 ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنا یا۔ملزمان میں طارق احسان، صفدر قاضی، اسدعلی شاہ، معصومہ حسین، جاوید حسین، عبدالرؤف چانڈیو اور شارق حسنین جلیسی شامل ہیں۔ احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 اگست تک توسیع کر دی، گواہ جواد حسین اور خالد بشیر کے بیانات پر جرح مکمل کرلی گئی، عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان شورب خان ،طاہر خان، خالد بشیر اور محمد ریاض کو طلب کر لیا۔ احتساب عدالت لاہور نے ایلیٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کاشف خان کے جسمانی ریمانڈ میں 19 اگست تک توسیع کر دی۔