اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،وقائع نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ،این این آئی)پارک لین ریفرنس میں سابق صدرآصف زرداری پر کل 6 جولائی کو بلاول ہاؤس کراچی میں ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔ذرائع کے مطابق نیب کراچی نے سابق صدر آصف زرداری اور دیگر ملزمان کو آگاہ کرکے نیب راولپنڈی کو خط لکھ دیا ہے ،نیب کراچی کے تین افسران ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر ، ایک پراسیکیوٹر اور ایک آئی ٹی ایکسپرٹ بلاول ہاؤس میں موجودہوں گے ۔خواجہ انور مجید کے لئے نجی ہسپتال میں ویڈیو لنک کا انتظام ہو گا جبکہ تین ملزمان فاروق عبداللہ ، شیر علی اور سلیم فیصل احتساب عدالت کرچی سے ویڈیو لنک پر موجود ہوں گے ۔ادھرنیب ملتان نے شہباز شریف، رانا ثنا،بلیغ الرحمن کیخلاف متاثرین لال سونہارا نیشنل پارک کو چولستان میں 14 ہزار کنال اراضی الاٹمنٹ کی انکوائری رپورٹ جاری کردی۔نجی ٹی وی نے نیب ذرائع کے حوالے سے بتایاایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 144 افراد کی اہلیت جانچے بغیر الاٹمنٹ کی،یہ افرادمتاثرین نہیں تھے ،شہباز شریف نے صوبائی کابینہ کی منظوری کے بغیر اسے او کے کیا تھا،شہباز شریف کو بھیجے گئے سوالنامے کا تاحال جواب بھی موصول نہیں ہوا حالانکہ انہیں 18 مئی تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔احتساب عدالت لاہورنے آئی جی آفس میں ملازمین کی خلاف میرٹ بھرتی کے کیس میں تین ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں22 اگست تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کیے جانے کے حوالے سے بحث رکھ لی۔ احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے ٹیوٹا موٹرز کے نام پر شہریوں سے کروڑں روپے فراڈکے کیس میں ملزم جاوید مظفر بٹ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18 جولائی تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔