اسلام آباد، راولپنڈی ،کراچی ، لاہور ، ( نامہ نگار ، خبر نگار ، نامہ نگار خصوصی ،لیڈی رپورٹر، سٹاف رپورٹر،وقائع نگار خصوصی ) احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کو 10 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، زرداری نے گرفتاری سے متعلق کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کچھ نہیں پتہ، سب وزیر داخلہ کرا رہا ہے ،عمران کو لندن بھاگتے دیکھ رہا ہوں، پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں یوم سیا ہ منایا ،احتجاجی مظاہرے کئے ، ریلیاں نکالیں، دھرنے دئیے ،ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں ، پی پی نے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر نیکا فیصلہ کیا ہے ، بلاول نے کہا کہ حکومت عوامی احتجاج روکنے کیلئے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائیاں کر رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے سابق صدر کو احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی عدالت میں پیش کیا گیا۔دورانِ سماعت پراسیکیوٹر نیب مظفر عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ بینک حکام کی معاونت سے جعلی بینک اکاؤنٹس کھولے گئے ، ملزم کو گرفتار کیا ہے ، تفتیش کے لیے ریمانڈ کی ضرورت ہے ۔جج نے استفسار کیا زرداری کو کن بنیادوں پر گرفتار کیا پہلے یہ بتائیں جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا میں گرفتاری کی بنیاد پڑھ کر بتا دیتا ہوں۔ زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پارک لین کا زرداری سے اس کیس میں کیا تعلق ہے ؟ شفاف تفتیش ہی شفاف ٹرائل ہوتا ہے ، عدالت کو گمراہ نہ کیا جائے ۔احتساب عدالت نے گھنٹہ بعد فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر کا 10 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ۔عدالت نے 21 جون کو انہیں دوبارہ پیش کرنیکا حکم دیا ہے ۔احتساب عدالت میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے زرداری کا کہنا تھا کہ میری گرفتاری دبائو ڈالنے کا حربہ ہے ،نیب کو ختم کرنا چاہتا تھا اتفاق رائے نہیں ہو سکا، میں نے کہا تھا چیئرمین نیب کی کیا مجال، سب حکومت کرتی ہے ۔ صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ جیسے نواز شریف کو پارلیمنٹ سے آؤٹ کیا گیا، کیا آپ پر بھی وہی فارمولا اپلائی کیا جارہا ہے ؟ زرداری نے جواب دیا کہ فرق کیا پڑیگا ؟ میں نہیں ہوں گا تو بلاول ہوگا، بلاول نہیں ہوگا تو آصفہ ہوگی۔ پی پی چیئرمین بلاول سے سردار اختر مینگل نے ملاقات کی ۔ اختر مینگل نے کہا کہ سابق صدر کی گرفتاری پر اظہار یکجہتی کیلئے آیا ہوں۔ بلاول نے حمزہ کی گرفتاری کی مذمت کی ۔ بلاول نے کہا کہ جب معیشت جل رہی تھی، عمران ناچ رہا تھا۔ بجٹ عوام دشمن ، منظور نہیں ہونے دینگے ، سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جاسکتی ہے ۔فریال تالپور نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔انکی درخواست رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر واپس کردی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکائونٹس کیس سے منسلک انکوائری میں فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست نمٹا دی ۔ خورشید شاہ نے پروڈکشن آر ڈر جاری کر نے کے معاملے پر کہا ہے کہ لگتا ہے سپیکر اوپر آرڈر کا انتظار کر رہے ہیں۔ نیر حسین ، نفیسہ شاہ بخاری نے کہاہے کہ زرداری کو لگنے والی ہتھکڑی عمران کی سیاسی موت کا پھندا ثابت ہوگا۔کراچی میں نثار کھوڑو اور دیگر کی سربراہی میں مظاہرہ کیا گیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ زرداری کی گرفتاری سیاسی انتقام کا نتیجہ ہے ۔ سیالکوٹ ،ملتان ،سکھر،ٹنڈوالہ یار،دادو ،کشمور،خیرپور،جیکب آباد،خیرپور،تھرپارکر،میرپورخاص،حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں پی پی کارکنوں نے مظاہرے کئے ، سڑکیں بلاک کر دیں ۔نوڈیرو میں شٹرڈا ئون رہا ۔نواب شاہ میں وکلا نے ہڑتا ل کی۔ راولپنڈی میں جیالوں نے الگ الگ احتجاج کرتے ہوئے ریلیاں نکالیں ۔ اوکاڑہ کے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے فرحت اﷲ بابر نے کہاکہ زرداری اور حمزہ کی گرفتاری حکومت کاایک تیر سے دوشکار کرنے کاساخشانہ ہے ۔چیچہ وطنی،شیخوپورہ ،وہاڑی ،بورے والا،کرمانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی پی پی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی ۔اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے 20 کارکنان کے خلاف دفعہ144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ۔