لاہور، کراچی، مظفر آباد( نمائندہ خصو صی سے ، مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)سابق صدر آصف علی زرداری کی بلاول ہائوس لاہور میں موجودگی کے دوران پیپلز پارٹی کو کامیابیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے ۔سابق صدر آصف علی زرداری نے پارٹی کو چھوڑ کر جانے والوں کے لیے واپسی کے دروازے کھول دئیے ۔پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر اعجاز ڈیال نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔اعجاز ڈیال نے دیگر کے ہمراہ گزشتہ روز آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا ۔آصف علی زرداری نے آم ڈپلومیسی شروع کر دی۔مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف کو15 سے زائد آموں کی پیٹیاں بھجوا دیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ چنددنوں میں آصف علی زرداری اور میاں شہباز شریف کی ملاقات ہو سکتی ہے ۔ دریں اثناسابق صدر فیصل صالح حیات سے ملاقات کے لئے انکی رہائش گاہ بھی گئے ،سیاسی صورتحال سمیت آئندہ کے الیکشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق صدر آئندہ انتخابات میں پنجاب میں ن لیگ کا راستہ روکنے کے لیے مضبوط الائنس بنانے میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب کی اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے آمادہ ہیں ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے لئے سوئی گیس بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ عمران خان منظم طریقے سے پاکستانی معیشت اور ریاستی اداروں کو تباہ کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کلبھوشن کو خود این آ ر او دیدیں، پیپلزپارٹی سہولت کار نہیں بنے گی ، افغانستان سے متعلق آج جو فیصلہ کریں گے اس کے نتائج 30 برسوں تک بھگتیں گے ، آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم سنبھالنے کے لئے بلاول بھٹوآج سے کوٹلی ڈویژن سے عوامی رابطوں کا آغاز کریں گے ۔ بلاول بھٹو نے مخدوم طالب المولٰی کی بیوہ کے انتقال پر ہالا کے مخدوم خاندان سے اظہار افسوس کیا۔سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے سابق وزیر مملکت مہرین انور راجہ کے گھر جا کر ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری بڑی شخصیت کا نام ہے ،آئندہ چند ہفتوں میں پیپلزپارٹی پنجاب سمیت ہر جگہ پوری آب و تاب کے ساتھ ہر جگہ دکھائی دے گی،اب ہمارا راج ہو گا۔