لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزا زاحسن نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے میں دوچیزوں کو کنفیوژکیاجارہاہے ، ایک ضمانت اوردوسری ای سی ایل سے نام نکالنے کی شرط ہے ۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میرے خیال میں نوازشریف 8 ہفتے سے پہلے وطن واپس آجائیں گے ، اگر نوازشریف نہیں آتے ہیں تو حکومت لا نہیں سکتی کیونکہ برطانیہ میں سیاسی پناہ فوری ملتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سندھ سے دوستوں کے فون ا ٓتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو اس لئے چھڑا لیا گیا کیونکہ وہ پنجابی ہے ، یہ تاثر درست نہیں۔ انہوں نے بتایا میرے سامنے کسی نے بلاول بھٹو سے بھی اس بارے میں کہا تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھ سے ایسی بات نہ کریں ۔انہوں نے کہا ہم آصف زرداری کو ریلیف دلوانے کیلئے عدالت میں نوازشریف کے فیصلے کا حوالہ دینگے کیونکہ اب تو راستہ کھل گیا ہے اور عدالت بھی اس سے انکار نہیں کرسکے گی، انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف واپس نہ آنا چاہیں تو حکومت انہیں لا نہیں سکے گی۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا عدالت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوازشریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ، واپس آکر ان کی پہلی ترجیح یہی ہوگی کہ وہ مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کریں، مجھے امید ہے کہ نوازشریف علاج کے بعد جلدی واپس آجائیں گے ، شہبازشریف بھی آجائیں گے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما عاجز دھامرا نے کہا ہمارا یہ موقف ہے کہ کراچی میں کچرے کے معاملے پرسیاست نہیں ہونی چاہئے ،صوبائی حکومت نے اپنی ذمہ داری ادا کی، علی زیدی نے نالے صاف کرائے لیکن انہوں نے نکالے گئے کچرے کو نالوں کے کنارے سے نہیں اٹھوایا۔ نمائندہ خصوصی 92نیوز عادل جواد نے کہا کراچی سے کچرا اٹھانے کا علی زیدی سے پہلے کئی لوگوں نے بیڑا اٹھایا لیکن کچھ نہیں ہوا، کراچی میں روزانہ 16ملین ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے ، عالمی ادارے نے بھی اس کو دنیا کا پانچواں گندا ترین شہر قراردیا ،علی زیدی بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے بعد منظر سے غائب ہوگئے ۔