اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی؍ سپیشل رپورٹر) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ آمد پر زلمے خلیل زاد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا افغان مسئلے کے حل کے لئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ،افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے لئے مرحلہ وار، وسائل اور وقت کے تعین پر مبنی خاکہ تیار کرنا ہوگا۔زلمے خلیل زاد نے پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی چار دہائیوں سے دیکھ بھال اور امن کی کوششوں کی تعریف کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکہ کے افغان مفاہمتی عمل کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں خطے میں سکیورٹی کی صورتحال ،افغانستان میں مفاہمتی عمل پرتفصیلی بات چیت ہوئی ۔