کراچی،سکھر،اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک،بیورورپورٹ،این این آئی )پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کو بہتری کی طرف لے کر جارہی ہے ۔ کراچی میں بہت مسائل ہیں اس سے انکارنہیں کر سکتے ، ہم عوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔کراچی تبدیل ہوچکا ہے ، شہر میں ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کے بعد کام بہتر ہورہے ہیں۔ جگہ جگہ ترقیاتی کام چل رہے ہیں، کچھ مکمل ہوچکے ہیں اور چند ہونے والے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں مختلف علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو کراچی کے مختلف علاقوں کاد ورہ کیا ۔ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب بھی تھے ۔بلاول بھٹو پی ای سی ایچ ایس پہنچے جہاں انہوں نے نکاسی آب کے منصوبے کا معائنہ کیا، کڈنی ہل پارک میں پودا بھی لگایا ۔ بلاول بھٹو ایمپریس مارکیٹ دورے کے موقع پر دکان داروں میں گھل مل گئے ، دکان داروں نے سیلفیاں بھی بنائیں۔ اس موقع پربلاول بھٹو نے عوام کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لئے ہدایات بھی جاری کیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان اور ایم کیوایم نے شہرمیں ایک اینٹ لگائی اور نہ ہی ایک قطرہ پانی فراہم کیا، ہمارے پاس وسائل کم ہیں،وفاق ہمیں اپنا حق نہیں دے رہا۔ مردم شماری کا معاملہ طے ہوتے ہی ہم لوکل باڈیزانتخاب کرانے کو تیار ہیں۔ پی ڈی ایم کے آئندہ ہونے والے جلسے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں مختلف رہنماؤں نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں پی ٹی آئی کراچی کے سابق جنرل سیکرٹری سردار عزیز ،ایم کیوایم کے سابق سینیٹرز مولانا تنویر الحق تھانوی، طاہر مشہدی ، علی راشد، وقار شاہ، منوہر لعل، سلیم بندھانی ،خلیل اﷲ، تحسین عابدی ودیگر شامل ہیں ۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اتھارٹی کے جبری قیام کے خلاف ملک بھر میں صحافی احتجاج کر رہے ہیں،اتھارٹی کے قیام کا مقصد میڈیا کو کنٹرول کرنا اور اظہار کی آزادی پر قدغن لگانا ہے ، تحریک انصاف کا دور سنسرشپ کی بدترین مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ پی پی رہنما خورشید احمد شاہ نے سکھر میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہے کہ جب چور اقتدار میں تھے تو سب چیزیں سستی تھی آج ہر چیز دس گنا مہنگی ہوچکی ہے ،ہم دعا گو ہیں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا کراچی میں ہونیوالا جلسہ کامیاب ہو۔سابق گورنر سردار لطیف کھوسہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خورشید احمد شاہ کو کسی کی فرمائش پر قید میں رکھاگیا ،عدالتیں انصاف پر مبنی فیصلہ کریں ۔