پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکمران کو کورونا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز حکمران بذات خود بڑا کورونا ہے اور جب حکومت کو کوئی دوسرا بہانہ نہیں ملا تو کہہ دیا کہ کورونا وبا کا خطرہ ہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ آج پشاور کا تاریخی جلسہ ہوگا ،حکومت کو رکاؤٹ ڈالنے نہیں دیں گے ،عو ام کے ووٹ چوری کرنے والوں کو آرام سے نہیں بیٹھنے دیں گے ،26 نومبر کو لاڑکانہ اور 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کریں گے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وہ ادارے جو ملک کے دفاع کے ضامن ہیں اور اس ناجائز اور نااہل حکومت کی پشت پناہی کرتے ہیں، وہ ریاست کی بقا کا حق ادا نہیں کررہے ،عوام، فوج، سول بیوروکریسی، اسٹیبلشمنٹ کو ایک پیج پر لڑنا چاہیے کہ یہ تقسیم عجیب ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے اور ہم اس نااہل حکومت کو سپورٹ کرنے جارہے ہیں، اس سے بڑی نااہلی کی مثال اور کیا ہوسکتی ہے ۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اب ہمیں پاکستان کے ٹرمپ کو بھی باہر نکالنا ہے پھر بھارت کا ٹرمپ رہ جائے گا، وہ ادھر کے عوام جانیں۔