اسلام آباد(نیٹ نیوز) پاکستان انڈسٹری کی نئی ابھرتی ہوئی اداکارہ یشمہ گِل نے کہا ہے کہ زندگی میں اچانک جو کچھ اچھی چیزیں ہوئیں وہ صرف تعلق الٰہی سے ہوئیں۔ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ پہلے میرا ایمان بے حد کمزور تھا اور مذہب کے حوالے سے سب سے بحث کرتی تھی۔کم عمری میں ڈپریشن کا شکار ہو گئی تھی اور ہر چیز کو اپنے نظریہ سے دیکھتی تھی۔جب پڑھائی مکمل کرنے کے لیے آسٹریلیا گئی تو وہاں وردا سے ملاقات ہوگئی جو حجاب کرتی تھی۔وردا کو غلط ثابت کرنے کیلئے میں نے اس کی باتوں پر عمل کرنا شروع کیا تو ابتداء میں مجھے اپنے اندر کوئی فرق محسوس نہیں ہوا لیکن جیسے جیسے رمضان کا مہینہ آگے بڑھتا گیا میری زندگی میں کافی مثبت تبدیلیاں رونما ہونا شروع ہوگئیں، میرے اپنے گھر والوں کے ساتھ تعلقات بہتر ہو گئے اور مجھے آسٹریلیا میں نوکری بھی مل گئی۔جیسے ہی رمضان کا مہینہ ختم ہوا تو میں نے نماز چھوڑ دی جس کی وجہ سے مجھے واپس ڈپریشن شروع ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ میری پہلی محبت اور پہلی نفرت میرا بھائی تھا، کیونکہ بچپن میں لگتا تھا کہ والدین بھائی سے زیادہ پیار کرتے ہیں۔