فیصل آ باد؍ سرگودھا(وقائع نگار خصوصی؍سٹی رپورٹر؍ سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان آج فیصل آ باد کا دورہ کریں گے اور اس دوران وہ ساہیانوالہ میں پاکستان میں بننے والے پہلے سی پیک سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی منصوبے کا افتتاح کریں گے ،3300 ایکڑ اراضی پر قائم ہو نے والے اس انڈسٹریل سٹی میں400 نئی صنعتوں کے قیام کے علاوہ3 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ یہاں پر مجموعی سر مایہ کاری 800 ارب رو پے متوقع ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سہ پہر4 بجے جنرل بس سٹینڈ میں مدینہ فاؤنڈیشن کے جانب سے بننے والی پہلی پناہ گاہ کا با ضابطہ افتتاح کریں گے جہاں پر350 افراد کے ٹھہرنے کی گنجائش موجود ہے ۔چیئر مین مدینہ فاؤنڈ یشن میاں محمد حنیف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہونگے ۔ مدینہ فاؤنڈیشن کی طرف سے ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے شیلٹر ہوم کی عمارت تعمیر کی گئی ، شیلٹر ہوم میں قیام کرنے والے افراد کیلئے تین وقت کھانے اور سونے کاانتظام ہو گاجبکہ عمارت میں مسجد، لائبریری،باتھ اورواش روم بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔ واضح رہے مدینہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین میاں محمدحنیف نے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی درخواست پر اپنی ذاتی دلچسپی سے بہت ہی قلیل عرصہ میں اس پناہ گاہ کو تعمیر کرایا ہے ۔مزیدبرآں وزیراعظم عمران خان 4 جنوری کو میانوالی جائیں گے جس کے لئے سکیورٹی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔