سڈنی (نیٹ نیوز )ایک تجربے کے دوران کینسر کے خلیات کو ایک دن کے لیے زیرو کشش ثقل میں رکھا گیا، جس کے بعد 80فیصد کینسر سیلز مر گئے ۔ اب نئے تجربات خلا میں کیے جائیں گے ۔ قبل ازیں جرمن محقیقن نے بھی ایسے ہی نتائج حاصل کیے تھے ۔آسٹریلوی سائنسدان کینسر کے خلیات کو اب خلا میں بھیجنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ زمین پر کشش ثقل کو ختم کرتے ہوئے جو تجربات کیے گئے ہیں، ان کے حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں۔ سڈنی کی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں بائیو میڈیکل انجینئرنگ ریسرچ کے شعبے سے وابستہ پروفیسر جوشو چاؤ کا کہنا تھا کہ وہ ایک طویل عرصے سے زیرو گریویٹی میں کینسر کے خلیات کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، '' ابھی تک ایسی کوئی جادوئی دوا تیار نہیں کی جا سکی کہ جو کینسر کو ختم کر دے کیوں کہ کینسر کی مختلف اقسام ہوتی ہیں اور ہر ایک شخص کا اس کے خلاف ردعمل مختلف ہوتا ہے ،انہوں نے بتایاکہ انہوں نے جسم کے مختلف حصوں سے چار مختلف قسم کے کینسر (چھاتی، رحم مادر، پھیپھڑوں اور ناک) کے خلیات حاصل کیے تھے ۔ پھر انہیں مائیکرو گریویٹی والے ماحول میں رکھا گیا۔ چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر کینسر کے اسی سے نوے فیصدخلیات مر چکے تھے ۔‘‘