اسلام آباد،کراچی،پشاور(سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی نے سینٹ الیکشن کے حوالے سے خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پشاور میں اس حوالے سے پی ڈی ایم کا اجلاس ہواجس میں جماعت اسلامی کے ساتھ تمام معاملات طے پا گئے ۔اجلاس میں طے پایا کہ ن لیگ، جے یو آئی اوراے این پی جنرل نشستوں پر جبکہ پیپلز پارٹی ٹیکنوکریٹ اورجماعت اسلامی خواتین کی نشست پرسینٹ الیکشن لڑے گی۔دوسری طرف پیپلزپارٹی نے سینٹ انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کیلئے 2 نشستوں پر اپنے امیدوار دستبردار کرانے پر رضامندی ظاہر کردی۔پیپلزپارٹی کا وفد ایم کیوایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچا ۔وفد میں ناصر حسین شاہ، شرجیل میمن، مرتضیٰ وہاب اور وقار مہدی شامل تھے ۔ ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگومیں وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھاایم کیوایم کی دو نشستوں کیلئے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کو تیار ہیں لیکن متحدہ کو بھی یوسف رضا گیلانی والی نشست پرمدد کرنا ہوگی۔ بلاول بھٹو کی ہدایت پر یہاں آئے ہیں،پنجاب میں تحریک انصاف بہت خوفزدہ تھی، تحریک انصاف کے امیدواروں پر ان کے ہی اراکین کو تحفظات تھے ۔شرجیل میمن نے کہاایم کیو ایم کے کراچی کے حوالے سے تحفظات بالکل صحیح ہیں، آنے والے دور میں ہم ملکر انکو دور کریں گے ۔ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے کہاپیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، تاخیر سے ہی سہی لیکن پیپلزپارٹی نے گزارشات رکھی ہیں،تجویز کو رابطہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں گے اور جو بھی رابطہ کمیٹی فیصلہ کرے گی اس سے آگاہ کردیا جائے گا،ہم نے پیپلز پارٹی کے دوستوں سے کہا ہے گزشتہ 12سالوں سے سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور عوام میں جنم لینے والی احساس محرومی کو دوراورپی ایف سی اور دیگر معاملات کوٹھیک کیا جائے ،شہری علاقوں کے نوجوانوں کو روز گار فراہم کیا جائے اورشہری علاقوں کی ترقی اور بہتری کا بھی سوچاجائے ،احساس شراکت اور بلدیاتی اداروں کا بھی مسئلہ ہے ، سینٹ کا وقت تو گزر جائے گا لیکن مسائل حل کرنا ہوں گے ۔فیصل سبزواری نے کہاجس طرح پنجاب میں سینٹ الیکشن کیلئے ن لیگ اور پی ٹی آئی نے ملکر ماڈل پیش کیا ویسے ہی سندھ میں بھی ہونا چاہئے ۔پیپلز پارٹی نے سیاسی سرگرمیوں پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کے خلاف الیکشن کمیشن کو خط لکھ کرکارروائی کا مطالبہ کردیا۔پیپلز پارٹی کے سینٹرل الیکشن سیل کے انچارج تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں لکھا گورنر سندھ مبینہ طور پر سینٹ انتخابات پر اثر انداز ہوئے ، پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کے بیان سے پتہ چلتا ہے کہ سینٹ امیدوار کا انتخاب گورنر سندھ نے کیاجوالیکشن کمیشن قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ادھرالیکشن کمیشن نے سینٹ انتخابات میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی لاہور میں ووٹ کاسٹ کرنے کی درخواست مسترد کردی۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی ہال کے علاوہ کہیں اور ووٹ ڈالنے کی سہولت نہیں دی جاسکتی، شہباز شریف سمیت دیگر اسیر ارکان قومی اسمبلی ہال میں ووٹ ڈال سکتے ہیں،الیکشن کمیشن پہلے ہی اسیر ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرچکا ہے ۔سپریم کورٹ کل یکم مارچ کو سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے کے حوالے سے صدارتی ریفرنس پررائے سنائے گی،عدالت عظمٰی کے 5رکنی بینچ نے صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے محفوظ کر رکھی ہے ، اس حوالے سے چیئرمین سینٹ ،سپیکر قومی اسمبلی، اٹارنی جنرل،الیکشن کمیشن، بار کونسل اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس کی فکسیشن سے وکلاکو میسیج کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔