اسلام آباد(ملک سعیداعوان)گریڈ21 اور20 میں ترقیوں کیلئے سینٹرل سلیکشن بورڈ کا3 روزہ اجلا س شروع ہو گیا ، پہلے دن اجلاس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ،پولیس سروس آف پاکستان اور کامرس اینڈ ٹریڈ پر غو ر کیا گیا جبکہ ایف آئی اے ،انفارمیشن گروپ ،فارن سروس آف پاکستان اور اکانومسٹ گروپ کے افسران کی ترقیوں پر غورآج تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ، 40 کے قریب افسروں کو گریڈ20اور 21 میں ترقی دی گئی ۔ذرائع کے مطابق سینٹرل سلیکشن بورڈ کا طریقہ کار اس دفعہ کافی سخت تھا ۔ اجتماعی دانش کے 30 نمبر بھی استعمال کئے گئے کیونکہ پروموشن رولز 2019ئکے تحت ترقی کیلئے بورڈ کو اجتماعی دانش کے 30 نمبر دیئے گئے تھے ۔ بورڈ میں افسران کی ترقیوں کیلئے انتہائی سخت کرائٹیریااپنایا گیا اور صرف 40افسر گریڈ20اور 21میں ترقی پا سکے جبکہ باقی اسامیاں خالی پڑی رہ گئیں ۔ آج کے سینٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس کے ایجنڈے میں ملتوی ہونے والے گروپس کے علاوہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے ایکس کیڈر کی ترقیاں زیرغور آ ئینگی۔تیسرے دن میں ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹم سروس کے علاوہ پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے کیسز زیر غور آ ئینگے ۔