اسلام آباد (آن لائن ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید ، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے اپنے ایک بیان کہا کہ 13.25فیصد شرح سود اس وقت کاروبار کی ترقی کی راہ میں اہم رکاوٹ ہے لہذا انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے شرح سود میں فوری طور پر واضع کمی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت نے شرح سود میں اضافہ کیا ہے کاروبار کی ترقی متاثر ہوئی ہے اور نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کو وسعت دینے اور نیا کاروبار شروع کرنے کیلئے بزنس مینوں کو بینکوں سے قرضہ لینا پڑتاہے لیکن شرح سود میں اضافہ ہونے سے بینکوں سے قرضہ حاصل کرنا بہت مہنگا ہو گیا ہے جس سے نیا کاروبار شروع کرنا اور موجودہ کاروبار کو وسعت دینا مشکل ہو گیا ہے یہی وجہ ہے کہ کاروباری شعبہ اس وقت ایک جمود کا شکار ہے ۔