پشاور ،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ) شانگلہ الپوری روڈ کی تعمیرمیں مبینہ کرپشن کی انکوائری مکمل ہونے پر ایف آئی اے نے مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کے بیٹے اشتیاق سمیت پانچ ٹھیکیداروں کوگرفتار کرلیا ۔ امیرمقام اینڈکمپنی سے 626ملین روپے ریکورکرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ملزموں کیخلاف شانگلہ الپوری روڈمیں مبینہ کرپشن کامقدمہ بھی درج کرلیا گیا جس میں ٹھیکیداروں،پراجیکٹ ڈائریکٹر،این ایچ اے اورانجینئرزکونامزدکیا گیاہے ۔ این ایچ اے کے 11اعلیٰ افسروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ایف آئی اے ا نکوائری میں امیرمقام اینڈکمپنی کوبلیک لسٹ کرنے کی تجویز بھی ہے ۔امیرمقام اینڈکمپنی کوایک سال کے وران 85کروڑمیں منصوبہ مکمل کرنا تھا جبکہ 10 سال بعدبھی منصوبہ نامکمل ہے اورتخمینہ 2 ارب 80 کروڑسے تجاوزکرگیا ہے ۔ن لیگ کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے عمران خان کوخوشنودی کیلئے نہیں ثبوتوں کے مطابق قانونی چارہ جوئی عمل میں لائے ،سیاسی دباؤ پرمن گھڑت اوربے بنیاد کیسوں میں ایف آئی آرکااندراج قانون کیساتھ مذاق ہے ۔ عمران خان او ر مرادسعیدکے ایماپر ایف آئی اے ایک عرصے سے میرے خلاف برسرپیکار۔ حکومت کی سیاسی مخالفین کیخلاف کارروائیاں قابل مذمت ہیں، اسمبلی میں اور سے باہراحتجاج، عدالتوں سے رجوع کرینگے ۔ ہمارادامن صاف ہے ،حکومت اوروزیرمواصلات کے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ، نام کی انصاف حکومت میں ناانصافی کابول بالاہے ۔حکومت کے مخالفین کیخلاف ہتھکنڈوں اورانتقامی کاروائیوں پرچھپ نہیں بیٹھیں گے ۔ علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام نے کروڑوں کی منی لانڈرنگ کا کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ایف آئی اے حکام مقدمہ منتقلی سے متعلق آج اے ٹی سی نمبر 2کراچی کو آگاہ کرینگے ۔منی لانڈرنگ کیس میں ملوث سابق سینیٹر احمد علی عبوری ضمانت پر ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے بانی اور بابر غوری مفرور ہیں۔ملزموں پر خدمت خلق فائونڈیشن کے اکائونٹس سے کروڑوں روپے لندن منتقل کرنیکا الزام ہے ۔