لاہور(قاضی ندیم اقبال)سینارٹی تنازعات محکمہ اوقاف کے مذہبی امور ڈائریکٹوریٹ کی پرواز میں حائل ہونے لگے ،لاہور سمیت صوبہ کے تین شہروں میں اہم ترین آسامیاں خالی ہیں،ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی سفارشات کی روشنی میں سیکرٹری اوقاف نے سنیارٹی کیسز میں خود ذاتی شنوائی کرنے کے بعد فیصلہ کرنیکا عندیہ دے دیا،صوبائی خطیب(بریلوی مسلک ) کی اہم ترین آسامی کی بابت 3امیدواروں کی شنوائی آج ہو گی۔معتبر ذرائع کے مطابق اس وقت محکمہ کی دو صوبائی خطباء میں سے ایک صوبائی خطیب(بریلوی مکتبہ فکر) کی آسامی25دسمبر2019 سے خالی ہے جس کی بنیادی وجہ مولانا زبیر احمد، مولانا غلام درویش اور مولانا مختار ندیم کے مابین سنیارٹی کا جھگڑا ہے جبکہ زونل خطباء کی لاہور، پاکپتن اور راولپنڈی کی آسامیاں بھی خالی ہیں، ان کے خالی ہونے کا سبب بھی سنیارٹی مسائل ہیں۔دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر کی وقف مساجد اور، مدارس میں امام خطیب، مدرسین اور موذن خادم کی اسامیاں خالی ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ڈائریکٹوریٹ کی اہم تین اسامیوں پر اہل افراد کی تقرری کے حوالے سے محکمانہ ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سفارشات سیکرٹری اوقاف کو ارسال کر دی ہیں ۔