اسلام آباد، سیالکوٹ(سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دنیا خطے کو پر امن بنانے کیلئے وزیراعظم کی سوچ کے ساتھ کھڑی ہے جس کا واضح ثبوت چین کا پاکستان کی حمایت پر دو ٹوک موقف ہے ۔ ہفتہ کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ دنیا خطے کو پر امن بنانے کیلئے وزیراعظم کی سوچ کے ساتھ کھڑی ہے جس کا واضح ثبوت چین کا پاکستان کی حمایت پر دو ٹوک موقف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک زمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا منتظر ہے ۔انہوں نے کہا چین دنیا کی ابھرتی ہوئی طاقت ہے ، مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں پاکستان کے موقف کی تائید پر سدا بہار دوست کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا چین نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کر کے ثابت کیا کہ وہ حق اور سچ کیساتھ ہے ۔ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ اور قریبی تعلقات کا تقاضا تھا کہ پاکستان اپنے دوست کو مودی کے سیاہ اقدام پر اعتماد میں لے ۔ انہوں نے کہا مودی کے غیر قانونی اقدام نے بھارت کے خود ساختہ الحاق کی دستاویز کو غیر موثر کر دیا ۔ مودی کا حالیہ اقدام جمہوریت اور بین الاقوامی قوانین پر کھلا حملہ ہے ۔ مودی کا یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ جمہوری روایات پر یقین نہیں رکھتے ۔دریں اثناء ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں سپورٹس فسیلٹی سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں باوقار مقام دلانے کیلئے صنعت کے میدان میں آگے بڑھنا ضروری ہے ۔ وزیر اعظم سیالکوٹ کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔تحریک انصاف کی حکومت کو بد ترین معیشت ورثہ میں ملی ہے اور بجٹ کا خسارہ ناقابل بیان ہے ۔اگر وہ حقائق اس وقت میڈیا سے شیئر کئے جاتے تو حالات کوئی کنٹرول نہ کر سکتا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے بل بوتے پر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا اور انتشار کی صورتحال پر قابو پایا ۔ انہوں نے کہا14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا ۔ہر پاکستانی یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ساتھ کشمیر کا پرچم بھی لہرائے ۔ 15اگست کو سیاہ پرچم لہرا کر اور اپنے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کر کے ہندوستان کا سیاہ مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے ۔