کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں مندی کا رجحان نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی جاری رہا اورپیر کو سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص بیچنے کو ترجیح دینے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس مزید186.15پوائنٹس کی کمی سے 44076.20پوائنٹس کی سطح پر آ گیا جب کہ 66فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو21ارب16کروڑ97لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 18.82فی صدزائد رہا۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں محدود پیمانے پر حصص خریداری کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 44325پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا لیکن تھوڑی دیر بعد ہی مندی کا رجحان لوٹ آیا اور کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے حکومتی اقدامات سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباؤ بڑھنے کے سبب مندی چھاگئی ۔دریں اثنا بینکوں میں پیر کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر مستحکم رہی اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ۔علاوہ ازیں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوگیا ۔سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت اس اضافے کے بعد 1 لاکھ 4 ہزار 100 روپے ہوگئی۔