کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں مسلسل دوسرے روز منگل کو بھی مندی کا رجحان برقرار رہا اورکے ایس ای100انڈیکس مزید161.29پوائنٹس کی کمی سے 45728.75 پوائنٹس کی سطح پرآ گیاجب کہ 57.10فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو5ارب58کروڑ6لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت 0.52فیصد کم رہا۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100انڈیکس46ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 46085پوائنٹس کی بلندسطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں مندی چھاگئی اور انڈیکس 46ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 45659پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا ۔ کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس161.29پوائنٹس کی کمی سے 45728.75پوائنٹس پر بند ہوا۔گذشتہ روز مجموعی طور پر 359کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جن میں 135کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 205میں کمی اور 19میں استحکام رہا۔ دریں اثناگزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید20پیسے کی کمی سے 159.10روپے سے گھٹ کر158.90روپے اور قیمت فروخت159روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ قیمت50روپے کی کمی سے 1لاکھ10ہزار700روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 43روپے کی کمی سے 94ہزار907روپے ہوگئی ۔