کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو بھی مندی کا رجحان دیکھا گیا ۔ کے ایس ای100انڈیکس300پوائنٹس کمی سے 45300پوائنٹس پرآگیا۔مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 78ارب4کروڑ24لاکھ روپے ڈوب گئے ،یوں سرمائے کا مجموعی حجم 82کھرب 57ارب روپے سے کم ہو کر81کھرب 78ارب روپے ہوگیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور انڈیکس 45888پوائنٹس پر جا پہنچا تاہم بعد ازاں بعض سٹاکس میں فروخت کے دباؤ کے سبب مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 101.17پوائنٹس کمی سے 18884.28پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 298.94پوائنٹس کمی سے 31327.25پوائنٹس پر بند ہوا ۔ سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 420کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 80کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،322میں کمی اور 18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔دریں اثنا انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں15پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 158.90ر سے کم ہو کر158.75 اور قیمت فروخت 159سے کم ہو کر158.85روپے ہو گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں30پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 158.90سے کم ہو کر158.70راور قیمت فروخت159.20 سے کم ہو کر158.90روپے پر آگئی ۔علاوہ ازیں آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 50روپے سستا ہو کر 1لاکھ 10ہزار650روپے اور دس گرام سونا 43روپے سستا ہو کر86ہزار959روپے کا ہو گیا ۔