لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپورٹس بورڈ و پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم آزادی و یکجہتی کشمیر سائیکل ریس کے مینز مقابلوں میں فیصل آباد کے مقصود احمد اور ویمنز میں مہوش ارشاد نے میدان مار لیا ۔تفصیلات کے مطابق پی ایس پی ،پی سی ایف اور پنجاب سائیکلینگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ جشن آزادی و یکجہتی کشمیرسائیکل ریس مینز اینڈ ویمنزجو پی ایس بی کوچنگ سینٹر سے گجومتہ سے ہوتی ہوئی واپس پی ایس بی کوچنگ سینٹر فیروز پور روڈ لاہور میں اپنے اختتام کو پہنچی ۔ ریس میں صوبہ بھر سے سائیکلسٹوں نے حصہ لیا ۔ریس میں ہونے والے مینز مقابلوں میں میں فیصل ا ٓباد کے مقصود احمد نے سب سے پہلے مطلوبہ فاصلہ طے کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی ۔رحیم یار خان کے اُسامہ قیوم دوسرے جبکہ فیصل آباد کے وحید الحسن تیسرے نمبر پر رہے ۔ ویمنز ایونٹ میں ملتان سے تعلق رکھنے والی سائیکلسٹ مہوش ارشاد نے پہلی ،فیصل آباد کی عمارہ رئیس نے دوسری اور سیالکوٹ کی عمیرہ شوکت نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ ریس کے مہمانِ خصوصی نصراللہ رانا ڈائریکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر لاہور تھے ،انہوں نے ناصرف ریس کا افتتاح کیا بلکہ صدر پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن معظم خان کے ساتھ کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔اس موقع پر نصراللہ رانا نے کہا کہ ایک عام انسان کیلئے اسپورٹس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور سائیکلسٹس کو بڑھ چڑھ کر ریسوں میں شرکت کی تاکید کی ۔انہوں نے کہا کہ انہوں پی ایس بی کا چارج سنبھالنے کے بعد سیکریٹری پی سی ایف سید اظہر علی شاہ اور نائب صدرنثار احمد سے ملاقات میں ا نہیں اپنی اور اپنے ادارہ کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا تھا اور انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنے وعدہ کے مطابق پی سی ایف کے نمائندوں سے ملکر یہ ریس منعقد کرنے میں کامیاب رہے ہیں ۔نصراللہ رانا کا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ سے منسلک پی سی ایف نے ہمیشہ سائیکلنگ کے کھیل کے فروغ کے لئے کام کیا ہے ، خاص طور پر اسکی جانب سے ماضی قریب میں منعقد کی جانے والی ٹور ڈی گلیات اور ٹور ڈی خنجراب جیسی ریسیں منعقد کرنا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے ۔جس سے دنیا بھر میں ناصرف پاکستان کا امیج بلند ہوا ہے بلکہ دنیا بھر کے میڈیا کے توسط سے پاکستان کے خوبصورت علاقوں کا دنیا بھر میں بھر پور تعارف ہوا ہے ،یہی وجہ ہے کہ وہ سید اظہر علی شاہ اور انکے ساتھیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔