لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے کہاہے کہ تحریک انصاف کو عوام نے منتخب کیا ، مائنس ون کی کوئی ضرورت نہ عمران خان پر کوئی الزام یا کسی عدالت میں مقدمہ چل رہا ۔ چینل92نیوزکے پروگرام’’ 92 ایٹ 8 ‘‘ میں میزبان سعدیہ افضال سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کو کمزور کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ اپوزیشن والے توخود آمریت کی گود میں بیٹھ کر جوان ہوئے ، ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچتے رہے ، سیاسی انتقام بھی لیا۔ آج چودھری نثارعلی خان اورظفر علی شاہ کہاں ہیں؟، پارٹی قیادت پر تنقید پر ن لیگ نے تو ان کو انتخابی ٹکٹ تک نہیں دیا۔کیا اپوزیشن کی پارٹیوں میں جمہوریت ہے ؟، ہماری پارٹی میں جمہوریت ہے اور وزیراعظم عمران خان کھلے دل سے سب کی بات سنتے ہیں ۔ نواز شریف لندن میں ہیں جبکہ شہبازشریف اسمبلی نہیں آرہے ہیں۔پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظور احمد نے کہا کہ ملک کا یہ المیہ ہے کہ ہم نے جمہوریت کومضبوط نہیں ہونے دیا۔ہم کہہ رہے ہیں کہ حکومت ڈیلیورکرے کیونکہ جمہوریت کا یہ مقصد اورمطلب ہوتاہے کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں ۔ ا گر بار با ر مارشل لا نہ لگتا تو صور تحال مختلف ہوتی۔آمریت نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ سوائے جماعت اسلامی کے سوا کس بھی جماعت میں جمہوریت نہیں۔ سیاست دان یا سیاسی جماعتیں تبدیل کرنے سے جمہوریت نہیں آئیگی۔ڈپٹی سیکرٹری مسلم لیگ ن عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج اختلافی بات کو برداشت نہیں کیا جاتا۔عظمیٰ کاردار کو پی ٹی آئی سے اسلئے نکال دیا گیا کیونکہ پارٹی قیادت پر تنقید کی ،اگر پی ٹی آئی میں جمہوریت ہے تو پھر اسکی تنقید کو کیوں برداشت نہیں کیا؟ ۔سیاسی خاندان قربانیاں دیتے ہیں اب یہ لوگوں کی چوائس ہے کہ وہ کس کو منتخب کرنا چاہتے ہیں۔ وہ مریم اورحمزہ شہبازکو دیکھنا چاہتے ہیں توانہیں منتخب کرینگے ۔