لاہور (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کے معاملے پر بھارت سے بات کرنے سے ایک بار پھر انکار کردیا، اب پاکستان میں نہ کھیلنے پر بھارت کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا، اس پر تنزلی کے ساتھ جرمانہ بھی عائد ہوسکتا ہے جس سے ڈیوس کپ ورلڈ گروپ تک رسائی کم ازکم 2022 ئتک نہ ہوپائے گی۔ذرائع کے مطابق آئی ٹی ایف نے 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد میں شیڈول ڈیوس کپ کی ایشیا اوشیانا زون ٹائی کے لیے آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سی ای او مہیش بھوپاتی اور سیکریٹری جنرل ہیران موئے چیٹر جی سے اپنے سکیورٹی کنسلٹنس سے ٹیلی فونک رابطے سے ایک بارپھر معذرت کرلی۔آئی ٹی ایف کا موقف ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کے حوالے سے اس کا فیصلہ بدستور اٹل ہے جب کہ مقابلوں کی نیوٹرل مقام پر منتقلی کی بھارتی خواہش بھی درست نہیں، بھارت نے آئی ٹی ایف کے سخت موقف پر دفاعی حکمت عملی اپناتے ہوئے ڈیوس کپ کے مقابلے نومبر اور دسمبر تک ملتوی کرنے کی بھی تجویز دی ہے ۔