ریاض،اسلام آباد(اے ایف پی ،نیٹ نیوز ،این این آئی )حوثیوں کے سعودی عرب پر میزائل حملہ میں 5 افراد زخمی ہوگئے ۔باغیوں نے صوبے جازان میں میزائل حملہ کیا،2افراد کی حالت نازک ہے جبکہ ہلاکتوں کا خدشہ ہے بمباری سے جنرل سٹور،کاروں کو نقصان ہوا،امریکہ نے 2حوثی کمانڈروں پر ایران سے تعلقات اور حملوں کی وجہ سے پابندی عائد کردی ، امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران نواز یمنی حوثی جنگی کارروائی فورا روک دیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہاکہ دہشتگردی اور حملے قابل مذمت ہیں یہ حملے نہ صرف سعودی عرب کی جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے عام بے گناہ لوگوں کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان یہ حملے فوری روکنے کا مطالبہ کرتا ہے اور یک جہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے ۔ پاکستان حوثی ملیشیاء پر زور دیتا ہے کہ یمن میں مآرب گورنوریٹ پر حملے بند کرے ہم ایک بار پھر پرزور اعادہ کرتے ہیں کہ پرامن مذاکرات کے ذریعے یمن میں جاری تنازعہ کا جامع سیاسی تصفیہ کیا جائے ۔سعودی میڈیا کے مطابق جازان میں شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن یحیی الغامدی نے میڈیا کو بتایا کہ صوبے جازان کا یمن کے قریب سرحدی علاقے میں حوثی باغیوں کا داغا گیا ایک میزائل گرا۔ترجمان شہری دفاع کا کہنا ہے کہ میزائل ایک گاؤں پر گرا جس سے دو مکان، ایک جنرل سٹور اور 3 کاروں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ 5 افراد زخمی ہوگئے ۔