کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتہ کے دوسرے روزہی مندی کی لپیٹ میں آ گئی اور کے ایس ای100انڈیکس 293.99پوائنٹس کمی سے 39577.62پوائنٹس پر بند ہوا۔مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 63ارب67کروڑ8لاکھ 41 ہزار 947 روپے ڈوب گئے جبکہ67فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں۔منگل کو کاروبا ر کا آغاز مثبت ہوا اور ایک وقت آیا کہ انڈیکس40300پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا ۔اس کے بعدمنافع خوری کے باعث حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے پر مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوگئی اور مندی کا رجحان غالب آگیا۔ اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس162.93پوائنٹس کمی سے 17157.53پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس کم ہو کر 27655.81پوائنٹس پربندہوا۔مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمائے کا مجموعی حجم73کھرب90ارب 21کروڑ89لاکھ 97ہزار604روپے سے کم ہو کر 73کھرب26ارب 54کروڑ81لاکھ 55ہزار657روپے ہو گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں10پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 167.50 سے بڑھ کر167.60 اور قیمت فروخت167.80 سے بڑھ کر167.90روپے ہو گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں70پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 166.80سے بڑھ کر167.50 اور قیمت فروخت167.30 سے بڑھ کر168روپے کی بلند سطح پر جا پہنچی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت میں استحکام رہاتاہم مقامی سطح پر سونے کی قیمت400روپے اضافے سے ایک لاکھ23ہزار900 روپے فی تولہ اور343روپے اضافے سے ایک لاکھ6ہزار224روپے فی 10گرام ہوگئی ۔