لاہور،شیخوپورہ (خصوصی نمائندہ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام کی زندگیوں میں پائیداراورمثبت تبدیلی لانا چاہتے ہیں،باتوں سے نہیں عمل سے تبدیلی لاکر دکھائیں گے ،سچ کی سیاست کرتے ہیں،جھوٹ کے دعووں کا قائل نہیں،انتشار کی سیاست کرنیوالے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔اراکین اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور موجودہ حالات میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں،پاکستان کے عوام کسی کو عدم استحکام پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں اراکین قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، سردار ریاض محمود خان مزاری،صوبائی وزیرمیاں خالد محمود،مشیر فیصل جبوانہ، اراکین صوبائی اسمبلی شیر اکبر خان، خرم اعجاز چٹھہ، عمر آفتاب ڈھلوں، معاویہ اعظم طارق، عابدہ بی بی، مومنہ وحید، مامون تارڑ، سید یاور عباس بخاری، سعدیہ سہیل، طارق تارڑ، نذیر چوہان اوردیگر شامل تھے ۔علاوہ ازیں ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے صدارت کرتے ہوئے انہوں نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال، مرض کے تدارک کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے جاری پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج کا کوئی جواز نہیں، ہڑتال ڈاکٹر جیسے نوبل پروفیشن کو زیب نہیں دیتی، انہوں نے کہا کہ لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔چلڈرن ہسپتال کو یونیورسٹی کو درجہ دیا جائے گااور پارکنگ کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔بعدازاں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے وزیراعلیٰ پنجاب کو محکمہ خزانہ کی ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جسے وزیراعلیٰ نے سراہا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے بعض اشیائے ضروریہ اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے دوحہ میں منعقدہ ورلڈ بیج گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ریسلر انعام بٹ کو مبارکباد دی ۔علاوہ ازیں انہوں نے خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اچھی خوراک ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے ،پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں غریب گھرانوں کو ایک وقت کی خوراک میسر ہے ۔