کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روزجمعہ کواتارچڑھاؤ کے بعدتیزی کا رجحان غالب آگیاجس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 149.23پوائنٹس اضافے سے 32458.77پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ49.50 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 13ارب45کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ہوا ۔ اورکاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت 39.05فیصدزائدرہا۔گزشتہ روز فروخت کے دباؤاور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہواٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 32000کی نفسیاتی حد سے بھی گرگیاتاہم بعدازاں حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سیمنٹ ،توانائی ، بینکنگ، کیمیکل ، فوڈز، اسٹیل سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای100انڈیکس کی32500کی حد بھی بحال ہوگئی بعد میں حصص فروخت کرنیکا دباؤ بڑھنے سے انڈیکس کی 32500کی حد ایک بار پھرگرگئی لیکن دوسرے ٹریڈنگ سیشن میں ریکوری آئی اورمارکیٹ کے اختتام کے ایس ای 100 انڈیکس149.23پوائنٹس اضافے سے 32458.77 پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 121.05پوائنٹس اضافے سے 15395.59 پوائنٹس ، کے ایم آئی30انڈیکس600.81پوائنٹس اضافے سے 51004.52پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس48.75پوائنٹس اضافے سے 23815.76 پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 316 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 155 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ ، 129 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ32کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔