اسلام آباد(خبر نگار)جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور جسٹس کے کے آغا کیخلاف مس کنڈکٹ کے الزام میں سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجے گئے ریفرنسز بدستور زیر سماعت ہیں۔ترجمان سپریم کورٹ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر سماعت شکایات اور ریفرنسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دو صدارتی ریفرنسز سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر سماعت ہیں۔اعلامیہ کے مطابق اسوقت سپریم جوڈیشل کونسل میں ججوں کیخلاف صرف 28 شکایات یا ریفرنسز زیر التوا ہیں جن میں دو صدر کی جانب سے بھجوائے جانے والے ریفرنسز ہیں۔ اعلامیے کے مطابق گزشتہ چنددن سے میڈیا پر یہ بحث چل رہی ہے اور تاثر دیا جا رہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے پاس350 ریفرنسز پڑے ہیں، یہ اعداد وشمار نہ صرف غلط بلکہ گمراہ کن اور حقیقت کے خلاف ہیں، سپریم جوڈیشل کونسل کے پاس کل 426 شکایات اورریفرنس دائر کیے گئے تھے ۔ان ریفرنسز کو سپریم جوڈیشل کونسل کے ضابطہ انکوائری 2005 کے تحت مختلف مراحل سے گزارا گیا اور ان میں سے 398 ریفرنسز یا شکایات نمٹا دی گئیں اور اس وقت سپریم جوڈیشل کونسل کے پا س صرف 28 شکایات زیر التوا ہیں جن میں سے دو صدارتی ریفرنسز ہیں۔ ان شکایات کو طریقہ کار کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے اپنے وقت میں نمٹایا جائے گا۔