کھٹمنڈو( سپورٹس ڈیسک) نیپال میں جاری 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے مزید 5 گولڈ میڈلزجیت لیے جس کے بعد میڈل ٹیبل پر پاکستان تیسرے نمبر پر پہنچ گیا جبکہ سائوتھ ایشن گیمز میں پاکستان نے بیس سال بعد دو سو میٹر ریس میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ 13ویں ساؤتھ ایشین گیمزمیں پاکستان کے گولڈ میڈلزکی تعداد 11 ہوچکی ہے ،جس میں سب سے زیادہ گولڈ میڈلز پاکستانی کراٹیکاز نے جیتے ہیں۔ کراٹے ٹیم نے مجموعی طورپر 6 گولڈ،8 سلور اور5 برانز میڈل اپنے نام کیے ہیں۔ بدھ کو ہونے والے مقابلوں میں مردوں کی 200 میٹرریس میں محمد عزیر نے سونے کا تمغہ سینے پرسجایا جب کہ خواتین کی 200 میٹرریس میں نجمہ پروین نے چاندی اور ڈسکس تھرو میں شمس الحق نے کانسی کا تمغہ جیتا۔کراٹے کی مائنس 50 کلوگرام کیٹیگری میں نعمان احمد نے طلائی تمغہ سینے پر سجایا، ان کے علاوہ مینز اور ویمنز کومیتے ٹیم نے بھی گولڈ میڈلز حاصل کیے ۔ تائی کوانڈو ایونٹ میں وقار نے چاندی ، انیلہ اور جبران نے چاندی کے تمغے جیتے جبکہ محمود اور سویا صابر نے کانسی کا حاصل کیا۔ 85 کلوگرام ووشو کیٹیگری میں محمد امجد اقبال نے گولڈ میڈل حاصل کیا جب کہ ووشو میں ہی فاطمہ ، عبدالخالق اور صدام حسین نے بھی برانز میڈلز حاصل کیے ۔ ٹینس فائنل میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم سلور میڈل کی حقدار ٹھہری۔ شوٹنگ کے 25میٹر پسٹل ایونٹ مین رابعہ، لبنٰی اور مہوش پر مشتمل ٹیم نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان11 طلائی ،17چاندی اور 25کانسی کے تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے ۔