کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ مندی کے بعد منگل کو ریکوری آئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 147.92 پوائنٹس کے اضافے سے 40652.67پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجب کہ57.21فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 18ارب 51کروڑ81لاکھ روپے بڑھ گئی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس147.92پوائنٹس کے اضافے سے 40652.67پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 381کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 218کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ142میں کمی اور 21کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثنائمقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 200روپے کی کمی سے ایک لاکھ12ہزار350روپے ہوگئی جب کہ دس گرام سو نے کی قیمت 171روپے کی کمی سے 96ہزار322روپے ہوگئی ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید15پیسے کے اضافے سے 158.25روپے اور قیمت فروخت30پیسے کے اضافے سے 158.45روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید10پیسے کے اضافے سے 158روپے اور قیمت فروخت 158.30روپے ہوگئی۔