واشنگٹن،لاہور (سٹاف رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ، صباح نیوز) ن لیگ کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ اپنی جماعت میں خود کو منوانے اور اپنی جگہ بنانے کے لیے انہیں بہت سی قربانیاں دینا پڑیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو میں مریم نواز نے کہا کہ مجھے ایک عام آدمی سے زیادہ محنت کرنی پڑی، مجھے جیل جانا پڑا جہاں میں 3 ماہ رہی ، وہاں میں نے برتن ، کپڑے دھوئے ، چوہوں والا کھانا کھایا ہے اور ایک چارپائی پر گزارا کیا ہے ،جو راستہ میں نے چنا ہے بہت مشکل ہے اور میں نے گزشتہ 3 سالوں میں اس کی بہت بڑی قیمت چکائی ہے ، اب جو ریلیاں نکالوں گی وہ نہ صرف والد نواز شریف کی رہائی بلکہ قانون کی بالادستی، آئین کے تقدس ، ووٹ کو عزت دو کیلئے ، اس کے ساتھ میڈیا اور عام آدمی پر پابندیوں کے خلاف ہونگی ۔انہوں نے کہا کہ جیسے چیزیں بدلیں گی، میں اپنی حکمت عملی سامنے لائوں گی۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک سے متعلق حالیہ ویڈیو سکینڈل پر بات چیت کرتے ہوئے مریم نے کہا کہ العزیزیہ ریفرنس میں جس جج نے نواز شریف کو سزا سنائی وہ خود کہہ رہے ہیں کہ انہیں بلیک میل کیا گیا تھا،میں اپنے والد کی خاطر مرنے کے لیے بھی تیار ہوں،میرا مقصد اداروں کے ساتھ لڑائی نہیں ، میرا مقصد ہے کہ پاکستان میں قانون پر عمل ہوں ۔سول ملٹری تعلقات میں عدم توازن سے متعلق سوال پر مریم نے کہا کہ اول تو یہ عدم توازن ہونا ہی نہیں چاہیے ۔ یہ پہلی حکومت ہے جس میں جمہوریت ہوتے ہوئے بھی بدترین سویلین مارشل لا، انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے کو غیر علانیہ پابندی کے ذریعے معطل ہیں، نہ صرف مجھ پر بلکہ ہر اس مخالف پر جو سچ بولنا چاہتا ہے یا لکھنا چاہتا ہے جبکہ احتساب عدالت میں پیشی کیلئے مریم نوازآج جاتی عمرہ سے اسلام آبادجائینگی،مریم نوازکواحتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں جعلی دستاویزجمع کرانے پرطلب کررکھاہے ۔