لاہور(خصوصی نمائندہ) صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ اور وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور گورننگ باڈی و سینئر صحافیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر ارشد انصاری نے بشارت راجہ اور فیاض الحسن چوہان کو سی ٹی او کے حوالے سے صحافی برادری کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا اور انہیں شواہد بھی پیش کئے کہ کس طرح سی ٹی او کے ایما پر وارڈنز صحافیوں اور عوام کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر چلا رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظات درست ہیں ، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ 2 روز میں پریس کلب گورننگ باڈی کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کروائی جائے گی جس میں صحافیوں سے زیادتی کا ازالہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ صحافیوں کے ساتھ ہیں ، پریس کلب میرا دوسرا گھر ہے ، صحافیوں کے ساتھ بد تمیزی اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔قبل ازیں ویڈیو پیغام میں وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گزشتہ وزرائے اعظم نے خزانے کو ذاتی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں میں اڑایا، آصف زرداری، نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی نے غریب عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے سرکاری خزانے سے اپنی ذاتی شاہ خرچیاں اور شوق پورے کیے ۔ وزیر اعظم عمران خان اور گزشتہ وزیر اعظموں کے بیرون ملک دوروں پر ہونے والے اخراجات کے موازنے سے متعلق ایک ویڈیو پیغام میں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے 2012 میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے موقع پر 4 لاکھ59 ہزار ڈالرز اور 2018 میں 5 لاکھ61 ہزار ڈالر خرچ کر ڈالے جبکہ 2017 میں میاں نواز شریف نے 7 لاکھ 62 ہزار ڈالرز ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے دورے پر اڑا دیئے ، دوسری طرف وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے صرف 68 ہزار ڈالرز میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت پر خرچ کر کے لاکھوں ڈالرز کی بچت کی۔