ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پچھلے دور حکومت میں وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرکے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی گئی اور آج پاکستان، اپنی موثر سفارت کاری کی وجہ سے پوری دنیا کا مرکز بن چکا ہے ۔او آئی سی کے کامیاب انعقاد کو دنیا بھر میں سراہاجارہاہے ۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کا وقار بلند اور ترقی را ہ پر گامزن کرناچاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں پی ٹی آئی رہنما ملک طارق بھٹہ کے زیر اہتمام تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا پاکستان کی شروع سے خواہش ہے خطے میں امن‘ خوشحالی اور ترقی ہو۔پاکستان سمجھتاہے افغانستان میں امن ہوگا‘ ترقی ہوگی‘ خوشحالی ہوگی تو خطے میں بھی امن ہوگا‘ ترقی ہوگی‘ خوشحالی ہوگی۔انہوں نے کہا اس وقت موجودہ حالات میں سب سے اہم مسئلہ افغانستان کے 38 ملین عوام کو بھوک اور غربت سے بچانا ہے ۔ اور پاکستان نے اس مسئلہ میں پہل کی اور افغانستان کے مسئلہ پر دنیا کو جگانے کی کوشش کی او ر الحمد اللہ اللہ رب العزت نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ایک تاریخی، سفارتی کامیابی سے نوازا ہے ۔اور میں اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا میں این اے 156کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کا منتخب نمائندہ جو دنیا بھر میں پاکستان کا بھر پورمقدمہ لڑ رہاہے ۔ قبل ازیں ملتان میں انہو ں نے ایک تقریب میں کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں پودا لگایا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی گزشتہ روز مختصر وقت کیلئے ملتان آئے ۔ ملتان آمد کے بعد انہوں نے وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ بیرسٹر عثمان ڈوگر‘ ملک عدنان ڈوگر کی والدہ مرحومہ کی رسم قل خوانی میں شرکت کی۔