کراچی،لاہور،اسلام آباد(92 نیوز رپورٹ، سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)سابق صدرممنون حسین کی نمازجنازہ بعد نماز عصر ڈیفنس فیز5 سلطان مسجدکراچی میں اداکی گئی جس کے بعد انہیں ڈیفنس فیز8کے قبرستان میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ نمازجنازہ معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی جبکہ نمازجنازہ میں شاہدخاقان عباسی،احسن اقبال،سابق گورنرسندھ محمدزبیر،مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ،جے یوآئی کے اسلم غوری،تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی ،مولانا تنویرالحق تھانوی،جماعت اسلامی کے محمد حسین محنتی اور دیگرلیگی رہنمائوں ، کارکنوں اورعام شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔نماز جنازہ کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کے صاحبزادے ارسلان ممنون نے کہاچاہتے تھے تدفین ایک دن بعد کی جائے مگرمیری والدہ کی خواہش تھی کہ تدفین جلد ہو،والد بہت بردبار انسان تھے ،میں تمام ناقدین کو کہنا چاہتا ہوں جو کہتے تھے کہ میرے والد کو سال میں دو باردھوپ لگائی جاتی ہے ،سابق صدر نے قوم کے باپ کی حیثیت سے عہدے اورمنصب کا احترام کیا اوراپنے ہی دور میں اپنے سیاسی قائد کے ہٹ جانے پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا، وہ کہتے تھے اگر میں نے کچھ کیا تو مخالفین کہیں گے صدارتی محل میں بیٹھ کر انتقام لے رہا ہے ۔احسن اقبال نے کہا ہم نے شریف اور محبت کرنے والا ساتھی کھودیا ۔پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل وقارمہدی کا کہنا تھا ملکی سیاست نے شریف اور نفیس انسان کھو دیا۔مرحوم نے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔قائد ن لیگ نواز شریف نے ٹویٹ میں لکھا ممنون حسین صاحب کے انتقال کی خبر سن کر بے حد رنج ہوا، وھ میرے باوفا اور بہادر ساتھی تھے ۔ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے ۔ آمین۔صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے سابق صدر ممنون حسین کے صاحبزادے کو ٹیلی فون کر کے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی ۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ممنون حسین کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا اﷲ تعالیٰ ا نکی مغفرت فرمائے ۔سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے تعزیتی پیغام میں مرحوم کے ایصال ثواب اور انکے خاندان کو یہ دکھ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق کی دعا کی۔سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی نے ٹویٹ میں کہااسلامی جمہوریہ پاکستان میں خادم حرمین شریفین کے سفیر کی حیثیت اور سفارتخانے کی طرف سے میں برادر پاکستانی عوام اور ممنون حسین کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں ،۔انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر ممنون حسین کی بلیک اینڈوائٹ تصویرشیئر کی جس پر اناللہ واناالیہ راجعون لکھا تھا۔ ممنون حسین مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے قرآن و فاتحہ خوانی آج بعد نماز عصر مسجد سلطان،ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کراچی میں ہوگی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے سابق صدر کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔